03 جولائی ، 2023
معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے موڈیز نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے پر بیان جاری کیا ہے۔
موڈیز کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی معاہدے سے پاکستان کی مالی گنجائش میں معمولی بہتری ہوگی تاہم آئی ایم ایف فنانسنگ سے پاکستان کے لیے فنڈنگ کے حصول کا راستہ ہموار ہوگا۔
موڈیز کے مطابق یہ وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ پاکستان آئی ایم ایف کی 3 ارب ڈالر فنڈنگ حاصل کرلےگا۔
موڈیز نےکہا ہےکہ پاکستان کو طویل مدتی استحکام کے لیے اصلاحات کرنا ہوں گی اور اپنی آمدنی بڑھانا ہوگی۔
موڈیز کے مطابق مستقبل قریب میں پاکستان کی معاشی سرگرمیاں متاثر رہیں گی، بلند شرح سود اور مہنگائی اور حکومتی اخراجات سرمایہ کاری پر اثر انداز رہیں گے، پاکستان کی بیرونی قرضوں کی ادائیگی بھی بلند رہےگی۔
خیال رہےکہ 30 جون کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا ہے، یہ 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہے۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا اور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے کے تحت پاکستان ٹیکسز کی آمدن بڑھائےگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھ سکےگی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنےگا اور معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی جب کہ ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائےگا۔