Time 03 جولائی ، 2023
کاروبار

جولائی میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالرز ہونے کی توقع ہے: وزیر خزانہ

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد اسی ماہ ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر مل جائیں گے: سینیٹر اسحاق ڈار۔ فوٹو فائل
 آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد اسی ماہ ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر مل جائیں گے: سینیٹر اسحاق ڈار۔ فوٹو فائل

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ہی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالرز ہونے ک توقع ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا گزشتہ 8 ماہ بہت مشکل گزرے ہیں، میری ٹیم کے لوگ بھی کہتے تھے لگتا ہے یہ معاہدہ نہیں ہو گا لیکن میں کہتا تھا کہ جون کے آخری ہفتے تک معاہدہ ہو جائے گا اور ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی معاہدہ 9 ماہ کے لیے طے ہوا ہے، 9واں ریویو اگر 3 جون تک ہو جاتا تو ہمیں وہ پیسے ملنے تھے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد اسی ماہ ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر مل جائیں گے، سعودی عرب سے دو ارب ڈالر اور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر جولائی میں لینے ہیں۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا اس معاہدے کے تحت ہم نے 5.6 بلین ڈالر کی بیرونی فنانسنگ حاصل کرنی ہے، مجھے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوتا نظر آرہا ہے اور جولائی کے مہینے میں ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالرز ہونے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ آج ہی اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملکی ززمبادلہ کے ذخائر کی تفصیلات بتائی گئی ہیں جو 23 جون کو ختم ہونے والے ہفتے تک 9 ارب 34 کروڑ ڈالر رہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا ہمیں جمہوریت کے ساتھ مالی نظم و ضبط کو اپنانا ہو گا، جو بھی نئی حکومت آئے گی اس کے لیے دسمبر تک تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانے کی طرف توجہ دینی ہے۔

مزید خبریں :