Time 04 جولائی ، 2023
انٹرٹینمنٹ

ڈرامہ تیرے بن کی شہرت: بشریٰ انصاری کے ساتھ شاپنگ سینٹر میں دلچسپ واقعہ

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل تیرے بن سے متعلق بات کی__فوٹو: فائل
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل تیرے بن سے متعلق بات کی__فوٹو: فائل

پاکستان کی سینئر اداکارہ اور حالیہ دنوں کے سپر ہٹ ڈرامہ تیرے بن میں 'ماں بیگم' کا کردار نبھانے والی بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں کئی اچھے اچھے کردار کیے لیکن ماں بیگم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل تیرے بن سے متعلق بات کی، ڈرامے کی آخری قسط رواں ہفتے کی 6 یعنی جمعرات کی شب پیش کی جائے گی۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ 'کچھ دن پہلے میں شاپنگ کے لیے ایک پلازہ گئی، مجھے کپڑے خریدنے تھے، وہاں پٹھان دکاندار مجھے پکڑ پکڑ کر پوچھ رہے تھے کہ باجی مرتسم کیوں چلا گیا؟ باجی باجی، وہ تو پاگل ہی ہوگئے'۔

اداکارہ نے کہا 'وہ لوگ اپنے لہجے میں کہہ رہے تھے کہ باجی مرتسم خانہ کو لے کر آؤ نہ ادھر کبھی، باجی میرب اچھی نہیں ہے، وہ کیوں مرتسم کو چھوڑ کرگئی؟'

بشریٰ انصاری نے کہا 'ماشاء اللہ اللہ نے وہاج علی کی گُڈی چڑھائی ہوئی ہے، یمنیٰ کو بھی لوگ بہت پسند کررہے ہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دکانداروں نے ان سے یہ بھی کہا کہ 'باجی ہم تو آٹھ بجے گھر چلا جاتا ہے، ہم کوئی قسط نہیں چھوڑتا ہمارا بیوی الارم لگاکر بیٹھا ہوتا ہے'۔

انٹرویو میں اداکارہ نے کہا 'یہ سب دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے کہ ہماری محنت رنگ لائی اور لوگوں کو ہمارا کام پسند آیا، اس ڈرامے نے ایسی تاریخ رقم کی کہ یہ بھارت اور بنگلادیش میں بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتا رہا'۔

انہوں نے ایک دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا 'ڈرامہ ہٹ ہوا تو شروع شروع کی بات ہے، مجھے تو نہیں پتا کیسے ٹرینڈنگ پر چیزیں جاتی ہیں تو یہ بچیاں سبینہ فاروق وغیرہ بیٹھی بات کررہی تھیں اور ہنس رہی تھیں کہ 3 گھنٹے اس ڈرامے نے شاہ رخ کی فلم پٹھان کو ٹرینڈ نہیں کرنے دیا'۔

اداکارہ نے کہا 'سبینہ نے کہا کیا پتا ڈرامہ شاہ رخ خان نے بھی دیکھا ہو، جس پر میں نے کہا اللہ نہ کرے شاہ رخ خان یہ دیکھے، وہ میرے بارے میں کتنا برا سوچے گا کہ یہ کتنی بکواس عورت ہے، میں نے کہا میں نہیں چاہتی میں اس کی نظروں سے گروں'۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں ماں بیگم کہہ کر پکارنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا 'میں نے جتنا کام کیا وہ سب پیچھے رہ گیا، اب صرف ماں بیگم کی ہی بات ہورہی ہے'۔

مزید خبریں :