Time 04 جولائی ، 2023
پاکستان

عبدالرزاق ایڈووکیٹ قتل کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی استدعا مسترد

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے سینئر  وکیل عبدالرزاق  ایڈووکیٹ کے قتل کے مقدمے میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی عبوری ضمانت کی استدعا مسترد کردی۔

سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ میرے موکل کی جان کو خطرہ ہے مہربانی فرماکرگرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔

جسٹس اعجازالاحسن نےجواب دیا کہ ہم دوسرے فریق کو سنے بغیر اس سطح پرکوئی حکم جاری نہیں کرسکتے۔

وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے لارجر  بینچ  بنانے کی استدعا  پر عدالت نےکہا کہ  چیف جسٹس سے درخواست کریں ممکن ہے کیس آج  ہی مقرر  ہو جائے، ابھی فوری طور  پر آج کا حکم نامہ دستخط کرکے بھیج  دیتے ہیں۔

عدالت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع دینے کی استدعا بھی مسترد کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے  وکیل لطیف کھوسہ نے آج ہی دوبارہ سماعت کی متفرق درخواست دائر کردی۔

درخواست میں فوری 3 رکنی بینچ تشکیل دے کر  آج ہی سماعت کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ معاملہ حساس ہے ، میرے موکل کی گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے فوری سماعت  ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :