05 جولائی ، 2023
قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے سابق صدر آصف علی زرداری کو خط لکھ کر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں چیئرمین کیلئے ذکا اشرف کی نامزدگی کو بہترین فیصلہ قرار دے دیا ہے۔
اپنے خط میں سرفراز نواز نے لکھا کہ نجم سیٹھی اقتدار میں تھے تو پیپلز پارٹی نے کسی معاملے میں دخل اندازی نہیں کی، تاہم نجم سیٹھی کے ساتھی، اتحادی جماعتوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سرفراز نواز نے لکھا کہ ذکا اشرف کے خلاف بلاوجہ عدالت میں مقدمات بنوائے گئے، سابق منیجمنٹ کمیٹی کے کچھ ارکان نجم سیٹھی کی ہدایت پر عمل پیرا ہیں۔
اپنے خط میں انہوں نے مزید لکھا کہ آصف علی زرداری کا ذکا اشرف کو چیئرمین کیلئے نامزد کرنا بہترین فیصلہ ہے، ذکا اشرف کے آنے سے پاکستان میں کھیل میں بہتری آئے گی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے اپنے خط میں لکھا کہ اسلام آباد کے ایک آرگنائزر چیئرمین کا انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، نجم سیٹھی کے بعد ذکا اشرف کو چیئرمین بنانا وزیراعظم کا فیصلہ ہے، جس کا احترام کرنا ہوگا۔
انہوں نے لکھا کہ ذکا اشرف وزیراعظم کی نامزدگی ہیں جس کا سب کو احترام کرنا چاہیے۔
خط کی کاپی وزیراعظم شہبازشریف، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کو بھی بھجوائی گئی ہے۔