06 جولائی ، 2023
جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین اپنے گھر میں مردہ پائے گئے، پولیس اور اہل خانہ نے اسے خودکشی قرار دے دیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کےمطابق عالمگیر ترین نے دائیں کنپٹی پر ایک گولی چلائی، پوسٹ مارٹم کےبعد میت گھر منتقل کردی گئی ہے، لاش کے پاس سے ملنے والی پستول اور تحریری نوٹ فرانزک کے لیے بھجوادیا گيا ہے۔
عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر تھے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے بھی اس حوالے سے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔
رضوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’سب کو پتہ چلا ہے کہ عالمگیر ترین صاحب اللہ کے پاس چلے گئے ہیں، آج یہ افسوس ناک خبر ملی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ نہ صرف ملتان سلطانز کے اونر تھے بلکہ ایسے بہت سے کام تھے جو وہ کر رہے تھے ، پاکستان کی اور لوگوں کی خدمت کر رہے تھے، ذاتی طور پر مجھے اس کے بارے میں پتہ ہے۔‘
رضوان نے کہا کہ ’میں اس بات کا بھی گواہ ہوں کہ آخری بار جب میری ان سے بات ہوئی تھی تو جو ہماری ٹیم جا رہی تھی حج کیلئے آخری ٹائم پر ہم نے ان سے درخواست کی تھی ساتھ چلنے کی لیکن انہوں نے کہا تھا کہ ابھی تو بہت کم ٹائم ہے اگلے سال انشاء اللہ آپ لوگوں کے ساتھ رہوں گا۔‘
آخر میں رضوان نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ عالمگیر ترین کیلئے دعا کریں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
جہانگیر ترین کے بھائی کی لاش کے پاس سے پستول کے علاوہ کے ایک گولی کا خول اور تحریری نوٹ بھی ملا ہے۔
تحریری نوٹ میں کہا گيا ہے کہ چھ مہینے پہلےتک زندگی اطمینان بخش تھی، جلدی بیماری کے باعث مسلسل دواؤں سے تھک چکےہیں۔
مبینہ تحریر میں عالمگیر ترین نے اپنے بھائی جہانگیر ترین سے یہ بھی کہاکہ ان کے پرانے نوکر کا خیال رکھنا ، پولیس انہیں تنگ نہ کرے۔