Time 07 جولائی ، 2023
پاکستان

شہید حوالدار لالک جان نشانِ حیدر کا آج 24 واں یومِ شہادت

کارگل میں دشمن کا جرات و بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار لالک جان نشانِ حیدر کا آج 24 واں یومِ شہادت منایا جارہا ہے۔

کارگل میں حوالدار لالک جان شدید زخمی ہونے کے باوجود مورچہ چھوڑنے پر تیار نہ ہوئے اور کئی گھنٹوں تک لائیٹ مشین گن سے دشمن پر وار جاری رکھے، انہیں بے مثال شجاعت اور جذبہ شہادت کے اعتراف میں نشان حیدر عطا کیا گیا۔

اس موقع پر غذر میں شہید کے مزار پر این ایل آئی کے دستے نے سلامی دی، قبر پر پھول رکھے گئے فاتحہ پڑھی گئی۔

 شہید کے والد نے پاکستان کے لیے خون کا نذرانہ دینے والے بیٹے پر فخر کا اظہار کیا جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہید لالک جان کے یونٹ افسر کا کہنا ہے دشمن کا حملہ روکنے کے لیے لالک جان ایسی کٹھن چوٹی پر تھے جہاں وہ پوری رات دشمن سے لڑے، شہیدوں کا جذبہ سامنے رکھتے ہوئے سوچنا چاہیے کہ ہم نے اس وطن کو کیا دیا۔

ہمیں پاکستان آرمی پر پورا بھروسہ ہے: بیٹی شہید حوالدار لالک جان

حوالدار لالک جان شہید کی بیٹی نے کہا کہ اپنے والدکی شہادت پر فخر ہے اور پاکستان آرمی ہمیشہ اپنے شہدا کو یاد رکھتی ہے، قوم شہدا کے دنوں کو مناتی ہے جس سے شہداء کے لواحقین کو حوصلہ ملتا ہے، پاکستان آرمی نے ہمیشہ مشکل حالات میں اس ملک کے دفاع اور سالمیت کی حفاظت کی ہے، ہمیں پاکستان آرمی پر پورا بھروسہ ہے۔

شہید کے ورثا کا کہنا ہے سانحہ 9 مئی نے تمام شہدا کے لواحقین کو افسردہ کردیا، فوجی قوانین کے مطابق ذمہ داران کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ ہمارے دلوں اور والدین کی روحوں کو سکون مل جائے۔

مزید خبریں :