Time 07 جولائی ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کا حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونیوالے معاہدے کی حمایت کا اعلان

سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا مقصد انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کیلئے سیاسی جماعتوں کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے— فوٹو: پی ٹی آئی
سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا مقصد انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کیلئے سیاسی جماعتوں کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے— فوٹو: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ہونے والے معاہدے کی حمایت کا اعلان کردیا۔

آئی ایم ایف کے وفد  نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی۔

آئی ایم ایف کے وفد اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی بھی شریک تھے جبکہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیو لنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کا وفد زمان پارک سے روانہ ہوگیا۔

ہم مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں: حماد اظہر کی ٹوئٹ

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹوئٹ میں بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات میں ریذیڈنٹ نمائندے ایستھرپیریز نے شرکت کی جبکہ آئی ایم ایف کے کنٹری چیف نیتھن پورٹر نے واشنگٹن سےورچوئل شرکت کی۔

ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف ٹیم سے اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق بات چیت ہوئی، آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرز کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کیلئے معاہدہ طےکیا ہے، اس تناظر میں ہم مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے قیام تک میکرو معاشی استحکام کیلئے اسٹینڈ بائی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی نئی حکومت اصلاحات کا آغاز کرے گی۔

قبل ازیں نمائندہ آئی ایم ایف کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی جانب سے پاکستان میں سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، ملاقاتوں کا مقصد انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کیلئے سیاسی جماعتوں کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔

آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 2.6 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، پاکستان کو یہ رقم قسطوں میں موصول ہوسکتی ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اصولی طور پر معاملات طے پاگئے ہیں۔

مزید خبریں :