09 جولائی ، 2023
گزشتہ مالی سال مئی تک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کوششوں کے تحت پاکستان نے پہلی مرتبہ 50 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی فشریز مصنوعات برآمد کرلیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں سال مئی میں پاکستان نے 12 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کی مچھلیاں اور ماہی پیداوار دنیا کو فروخت کیں ہیں۔
محکمہ میری ٹائم افیئرز کی ٹاسک فورس کے چیئرمین عاصم ابرار کا کہنا تھا کہ ہماری ماہی پیداوار کی 60 فیصد خریداری چین کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پالیسی فریم ورک کی مدد سے نجی شعبہ پیداوار کو ویلیو ایڈ کی ہے جس کے نتیجے میں ملک کے زرمبادلہ اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ستمبر میں چین کو مچھلی بیچنے کے لائسنسز کی معیاد پوری ہوئی تو حکومت پاکستان کے وزارت میری ٹائم افیئرز ڈپارٹمنٹ نے اس کی تجدید میں نجی شعبے کی معاونت کی، نتیجے میں مئی کی ماہی برآمدات 82 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت میری ٹائم کا میرین فشریز ڈپارٹمنٹ ٹاسک فورس کی بھرپورمعاونت کررہا ہے، ٹاسک فورس وفاق اور صوبائی سرکاری اداروں کے درمیان رابطے استوار کررہا ہے جس سے صنعتی شعبہ سازگارماحول میں پھل پھول رہا ہے۔
عاصم ابرار کا کہنا تھا کہ ماہی برآمدات بڑھانے کیلئے پیداوار بڑھانے اور پیداوار کی ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹائم ٹاسک فورس سمجھتی ہے کہ معیشت پر سیاسی اتفاق ہوجائے تو دنیا اسے پاکستان سے سرمایہ کاری کرنے کا پیغام سمجھے گی۔