09 جولائی ، 2023
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری کا کہنا ہے کہ اگر ایشیا کرکٹ کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلا گیا تو پاکستان کو بھی آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جانا چاہیے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے احسان مزاری کا کہنا تھا جب سے میں نے بین الصوبائی رابطے کی وزارت سنبھالی ہے تو میرا اس حوالے سے بڑا واضح مؤقف رہا ہے کہ اگر بھارت ہماری سربراہی میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے نیوٹرل وینیو کا کہتا ہے تو ہمیں بھی ورلڈکپ کے لیے بھارت سے ایسا ہی مطالبہ کرنا چاہیے۔
گزشتہ روز ہی وزیراعظم شہباز شریف نے آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے 11 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔
احسان مزاری کا کہنا تھا وزیراعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں 11 وزراء پر مشتمل جو کمیٹی تشکیل دی ہے میں بھی اس کا حصہ ہوں، ہم اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور پھر اپنی تجاویز وزیراعظم کو بھیجیں گے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے انڈین کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے بھارت کا پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے ہچکچانا ہمیں دھوکا دینے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا بھارت اسپورٹس میں بھی سیاست کر رہا ہے، مجھے یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ بھارتی حکومت اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان کیوں نہیں بھیجنا چاہتی، کچھ عرصہ قبل ہی بھارت نے اپنی بیس بال ٹیم پاکستان بھیجی، 60 رکنی بھارتی ٹیم یہاں آئی کھیلی اور جیت کر گئی، ہماری ہاکی، فٹبال اور چیس کی ٹیموں نے بھی بھارت کا دورہ کیا۔
بھارت کی جانب سے سکیورٹی خدشات سے متعلق سوال پر احسان مزاری کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا، اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم یہاں آئی، ہم نے انہیں صدارتی پروٹول فراہم کیا، حال ہی میں پاکستان سپر لیگ میں بہت سے غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان کھیلنے کے لیے آئے تو سکیورٹی کو بہانہ نہیں بنایا جا سکتا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے سربراہ ذکا اشرف بھی ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ سسٹم کے مخالف ہیں اور ان کا بھی یہی مؤقف ہے کہ ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ سسٹم پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے۔
تاہم سابق سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ سسٹم کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔
اس حوالے سے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہونا ہے لیکن پاکستان میں چھوٹی ٹیموں کے میچز ہوں گے جس سے پی سی بی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔