10 جولائی ، 2023
بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی نے اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی کرنے والی ٹیموں کے نام بتائے ہیں۔
گنگولی نے ایک پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پانچ ٹیموں کا نام دیا جو ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ بناسکتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ایڈن گارڈن میں سیمی فائنل کا ایک مقابلہ روایتی حریف پاک بھارت کے مابین بھی ہونا چاہیے۔
دوران انٹرویو جب سابق کپتان سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کا کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ کہنا ابھی سے بہت مشکل ہوگا کہ سیمی فائنل میں کون سی ٹیمیں جگہ بنائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جاسکتی ہیں لیکن آپ اس ایونٹ میں نیوزی لینڈ کو نظر انداز نہیں کرسکتے لہٰذا وہ بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔
گنگولی نے چار ٹیموں کا نام لینے کے بعد کہا کہ میں سیمی فائنل کے لیے پانچ ٹیموں کا انتخاب کروں گا اور اس فہرست میں پاکستان کو بھی شامل کروں گا۔
سارو گنگولی نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے تاکہ ایڈن گارڈنز میں بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ہو۔
واضح رہے کہ ایڈن گارڈنز ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی 16 نومبر کو کرے گاجب کہ پہلا سیمی فائنل ممبئی میں ہوگا، لیگ مرحلے میں بھارت 15 اکتوبر کو پاکستان سے کھیلے گا تاہم سابق کپتان گنگولی نے امید ظاہر کی کہ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ کا میلہ 5 اکتوبر سے بھارت میں سجے گا، ورلڈکپ کے آغاز سے قبل کوالیفائر راؤنڈ کھیلا گیا جس کا فائنل سری لنکا نے جیت لیا، ورلڈکپ کے لیے سری لنکا سمیت نیدرلینڈز کوالیفائی کرچکی ہے۔