12 جولائی ، 2023
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بورڈ آف کنٹرول فار ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ اپنے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرنے کی خبروں پر پھٹ پڑے۔
جے شاہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کی میٹنگ کے لیے جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں موجود ہیں جہاں دونوں کی ملاقات بھی ہوئی۔
ملاقات کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں سربراہان جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے، ذرائع نے بتایا تھاکہ ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
ذرائع کے مطابق جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی۔
دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا۔ ذکا اشرف نے جے شاہ سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے، پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔
اب جے شاہ نے بھارتی نیوز چینل نیوز 18 سے گفتگو میں ان تمام خبروں کی تردید کردی۔
انہوں نے کہا کہ 'میں کسی چیز پر راضی نہیں ہوا، یہ سب ایک غلط فہمی ہے، یہ غلط خبر شاید جان بوجھ کر پھیلائی گئی ہے، میں پاکستان کا دورہ نہیں کروں گا'۔
اس سے قبل بھارتی بورڈ کےخزانچی اور آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومال نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ نہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے بھارت جائے گی اور نہ جے شاہ پاکستان کا دورہ کریں گے، ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگا۔