Time 12 جولائی ، 2023
انٹرٹینمنٹ

وجاہت رؤف نے جنید جمشید کے ساتھ پیش آیا جذباتی واقعہ بتادیا

پروڈیوسر وجاہت رؤف حال ہی میں اپنی اہلیہ شازیہ وجاہت کے ہمراہ نجی ٹی وی کے مہمان بنے/ فائل فوٹو
پروڈیوسر وجاہت رؤف حال ہی میں اپنی اہلیہ شازیہ وجاہت کے ہمراہ نجی ٹی وی کے مہمان بنے/ فائل فوٹو

ہدایتکار وجاہت رؤف نے مرحوم جنید جمشید کے  ساتھ پیش آنے والا ایک جذباتی واقعہ سنایا۔

 پروڈیوسر وجاہت رؤف حال ہی میں اپنی اہلیہ  شازیہ وجاہت کے ہمراہ  نجی ٹی وی کے مہمان بنے جس دوران میزبان نے ان سے جنید جمشید کے حوالے سے بتائے گئے واقعے  کاتذکرہ کیا۔

میزبان کے یاد دلانے پروجاہت رؤف نے بتایا کہ میں اور جنید جمیشد لاس اینجلس میں ایک ہی کالج میں تھے، 14 اگست کے موقع پر ہم نے مینیجرکے ذریعے  جنید کا  کانسرٹ بک کروایا اس وقت ہم جنید جمشید کو اتنا نہیں جانتے تھے، ہمیں مینیجر نے کہا کہ آپ 800 ڈالر ایڈوانس ادائیگی کردیں تو ہم نے وہ ادائیگی کردی لیکن ادائیگی کے باوجود موسیقاروں کے ویزا مسائل کی وجہ سے وہ کانسرٹ نہیں ہوسکا۔

 وجاہت رؤف نے بتایا کہ اس کے بعد ہم پاکستان واپس آگئے، 2 سال گزرنے کے بعد میری  جنید سے اچھی خاصی دوستی ہوگئی اور ایک روز انہوں نے مجھے کال کرکے گھر بلایا، اس وقت میں  جنید  کی معاشی تنگی سے واقف تھا جس پر مجھے لگا کہ جنید جمشید نے مجھے معاشی مددد کیلئے یاد کیا ہے لیکن جب میں گھر پہنچا تو وہاں ایک صوفہ ہی موجود تھا، جنید نے  مجھے بتایا کہ انہوں نے اپنا گھر اور گاڑیاں بھی بیچ دی ہیں۔

ہدایتکا ر نے مزید بتایا کہ  اس وقت جب میں نے جنید سے  کسی مدد کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ تمہیں کوئی مدد نہیں کرنی بلکہ مجھے ابھی پتا چلا کہ تم نے کانسرٹ پر مجھے 800 ڈالر ایڈوانس دیے تھے تو تمہارے  وہ پیسے مجھے  واپس کرنے ہیں، پھر انہوں نے مجھے کہا کہ میں تمہارے ریسٹورینٹ میں گٹار بجاکر تمہارا ادھار چکانا چاہتا ہوں، میرے انکار پر جنید نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ’ کیوں  کہ میں نہیں چاہتا کہ میں تمہار ادھار لیے اللہ کے سامنے پیش ہوں ‘ اس کے بعد جنید نے وہ پیسے میرے ریسٹورینٹ شو کے ذریعے  ادا کردیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ معروف نعت خواں جنید جمشید ایک بہترین انسان تھے۔

مزید خبریں :