Time 15 مارچ ، 2022
پاکستان

جنید جمشید کے بیٹے نے والد کے ہمراہ جہاز میں پیش آیا واقعہ سنادیا

بابر جنید نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی اور اس میں جنید جمشید کے ہر وقت باوضو رہنے کا قصہ سنایا ہے: اسکرین گریب
بابر جنید نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی اور اس میں جنید جمشید کے ہر وقت باوضو رہنے کا قصہ سنایا ہے: اسکرین گریب

معروف نعت خواں مرحوم جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید نے اپنے والد کی زندگی کا ایک یادگار واقعہ مداحوں کے گوش گزار کیا۔

بابر جنید نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی اور اس میں جنید جمشید کے ہر وقت باوضو رہنے کا قصہ سنایا ہے۔

جنید جمشید کے بیٹے نے بتایا کہ بچپن سے والد کو آنتوں کا مسئلہ تھا، اس میں انفیکشن ہونے کے باعث ان کا وضو زیادہ دیر نہیں ٹھہرتا تھا، ہاضمہ بھی کافی خراب تھا، اس کے باوجود وہ کبھی بغیر وضو نہیں رہتے تھے، ان کی میرے دماغ میں جتنی بھی یادیں ہیں ان میں سے زیادہ تر وضو سے متعلق ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دفعہ والد کے ہمراہ سفر کا موقع ملا، میں اور دوسرا بھائی سیف ان کے ساتھ تھے اور پاکستان سے برطانیہ جارہے تھے، جہاں ویلز میں بابا کا ایک چیریٹی ایونٹ ہونا تھا، ہم جہاز میں موجود تھے کہ دیکھتے ہیں کہ بابا وضو کی تیاری کررہے ہیں۔

بابر جنید نے کہا کہ جہاز کا باتھ روم چھوٹا سا ہوتا ہے اور بابا کافی لمبے تھے، انہوں نے اندر جاکر بڑی مشکل سے وضو کیا چونکہ وہ ایک سلیبریٹی تھے تو سب انہیں جانتے تھے اسی لیے مڑ مڑ کر ان ہی کو دیکھ رہے تھے۔

جنید جمشید کے بیٹے نے مزید کہا کہ جب وہ واپس آکر اپنی سیٹ پر بیٹھے تو میں نے ان سے کہا کہ آپ نے اتنی مشکل سے وضو کیا، ہمارا جہاز کچھ دیر میں لینڈ کرنے والا تھا، آپ ائیرپورٹ پر اتر کر وضو کرلیتے۔

بابر نے کہا کہ جواب میں والد نے حدیث سنائی کہ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک صحابی آئے اور انہوں نے فرمایا کہ یا رسول اللہ ﷺ میرے رزق میں تھوڑی تنگی ہے، تو کوئی اس کا حل بتائیں، تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ ہر وقت باوضو رہا کرو، باوضو رہا کر، اللہ پاک رزق کے دروازے کھول دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابا نے ہمیشہ یہ ہی سکھایا کہ بیٹا اس کو یقین سے کرو، کہ باوضو رہنے سے اللہ رزق کے دروازے کھول دیتا ہے۔

واضح رہے کہ جنید جمشید 7  دسمبر 2016 کی شام پی آئی اے کی حادثے کا شکار  ہونے والی پرواز میں سوار تھے،  چترال سے اسلام آباد جانے والی پرواز حویلیاں کے قریب گر کر تباہ  ہوئی  تھی جس میں عملے کے پانچ ارکان سمیت تمام 48 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :