13 جولائی ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ہمیشہ پاک بھارت کرکٹ کو سیاست سے جوڑ دیا جاتا ہے، کھیل کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے، پاکستان اور بھارتی بورڈ کو مل کر مستقل بنیادوں پر حل نکالنا چاہیے کہ آئی سی سی اور ایشیا کپ کا میزبان دونوں ملکوں میں سے ایک ہو تو کیا حکمت عملی بنانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ایونٹ سے پہلے اس طرح کی باتیں شروع ہوجاتی ہیں اور مسائل بڑھ جاتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارتی کنڈیشنز پاکستان کو سپورٹ کرتی ہیں، امید ہے پاکستان ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائے گا، بھارت میں کنڈیشن زبردست ہوتی ہے، کراؤڈ کا پریشر ہوتا ہے جس سے حوصلہ بھی ملتا ہے۔ ورلڈ کپ میں اہم کام 11 کھلاڑیوں کا انتخاب ہے جو کنڈیشن کو دیکھ کر سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا۔
مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی میں بار بار تبدیلیوں سے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوتی ہے، جس سے کرکٹرز اور منیجمنٹ میں بھی غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے جو اچھی بات نہیں ہے، جو بھی ادارہ ہو اس میں مستقل مزاجی ہونی چاہیے، پی سی بی میں بار بار تبدیلی سے کھلاڑی مشکلات کا شکار ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی نے فی الحال کوئی رابطہ نہیں کیا اگر رابطہ ہوگا تو دیکھوں گا کیا رول دیا جاتا ہے، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز پاکستانی اسپنرز کیلئے چیلنج ہوگی، سیریز میں اسپنرز کا رول بڑا اہم ہوگا۔