Time 14 جولائی ، 2023
پاکستان

عدت کے دوران نکاح کا کیس قابل سماعت ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری

معاملہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو واپس بھجوایا جاتا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست پر فیصلہ کریں: عدالت/ فائل فوٹو
معاملہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو واپس بھجوایا جاتا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست پر فیصلہ کریں: عدالت/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کے الزام کے کیس میں سول جج کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ درخواست گزار کی اپیل منظور کرتے ہوئے سول جج کا 13 مئی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے اور معاملہ جوڈیشل مجسٹریٹ بنی گالا کو واپس بھجوایا جاتا ہے۔

فیصلے کہا گیا ہےکہ درخواست گزار کے مطابق دائرہ اختیار اسلام آباد کی عدالت کا بنتا ہے، درخواست گزار کے مطابق سول جج نے فیصلہ دیتے ہوئے قانونی نکات کو مدنظر نہیں رکھا، چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف سول جج کی عدالت میں پرائیویٹ شکایت دائر ہوئی، درخواست گزار محمد حنیف نے سول جج کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ نکاح کی تقریب لاہور میں ہونے کے باعث سول جج نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دی، سول جج کے فیصلے کے مطابق دائرہ اختیار اسلام آباد کی عدالت کا نہیں بنتا، درخواست گزار کے مطابق نکاح کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بنی گالا میں رہائش پذیر رہے، درخواست گزار کے مطابق جہاں واقعہ ہوا یا اس کے اثرات آئے، دونوں جگہوں پر کیس قابل قبول ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے درخواست کی مخالفت کی اور سول جج کےفیصلے کو درست قرار دیا لہٰذا معاملہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو واپس بھجوایا جاتا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست پر فیصلہ کریں۔

سیشن کورٹ کا فیصلہ

گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دوران عدت نکاح سے متعلق کیس قابل سماعت قرار دیا تھا۔

مفتی سعید کا بیان

خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح کے معاملے پر نکاح خواں کا بیان بھی سامنے آ چکا ہے جس میں وہ اعتراف کر چکے ہیں کہ انہیں عدت کے بارے میں بعد میں بتایا گیا جس کے بعد دوبارہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی تجدید کروائی۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح خواں مفتی سعید نے بعد ازاں اپنے بیان میں بتایا کہ نکاح کے لیے مجھے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ایک گھر میں لے جایا گیا جہاں ایک عورت جس نے اپنا تعارف بشریٰ بی بی کی بہن کے حوالے سے کروایا اور بتایا کہ شادی کے لیے تمام شرعی احکامات پورے کر لیے گئے ہیں اور عمران خان اور بشریٰ بی بی شادی کے لیے آزاد ہیں جس کے بعد میں نے دونوں کا نکاح یکم جنوری 2018 کو کروایا۔

مزید خبریں :