14 جولائی ، 2023
بھارت نے چاند کی جانب نیا مشن چندریان 3 روانہ کر دیا ہے۔
یہ بھارت کی جانب سے چاند پر اترنے کی 4 برسوں کے دوران دوسری کوشش ہے، اس سے قبل 2019 میں چندریان 2 مشن کو ناکامی کا سامنا ہو چکا ہے۔
چندریان 3 مشن کو دوپہر 2 بجے آندھرا پردیش کے ستیش دھون اسپیس سینٹر سے ایل وی ایم 3 راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے چندریان 3 مشن کے لیے ایک لینڈر، روور اور propulsion موڈیول تیار کیا ہے۔
اس مشن کو چاند کے جنوبی قطب میں اتارنے کی کوشش کی جائے گی اور وہاں کی سطح پر مختلف سائنسی تجربات کیے جائیں گے۔
اب تک صرف امریکا، روس اور چین کے مشن چاند کی سطح پر اترنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور بھارت ایسا چوتھا ملک بننا چاہتا ہے۔
اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا تو چندریان مشن 23 اگست تک چاند پر لینڈ کرے گا۔
بھارت کی جانب سے اس مشن کے لیے ساڑھے 7 کروڑ ڈالرز خرچ کیے گئے ہیں۔
اسرو کی جانب سے ایسے اسپیس کرافٹ بھی تیار کیے جا رہے ہیں جو خلا بازوں کو زمین کے مدار پر لے جائیں گے۔
خیال رہے کہ چاند کی سطح پر اترنا کافی مشکل مرحلہ ہوتا ہے اور بیشتر اسپیس مشنز کو ناکامی کا سامنا ہو چکا ہے۔