14 جولائی ، 2023
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو سنگاپور کے ویزے مل گئے، قومی ویمن فٹبالرز دو روز کی تاخیر سے ہفتے کو سنگاپور روانہ ہوگی ۔ 15 جولائی کا شیڈولڈ میچ دونوں فیڈریشنز کی باہمی رضامندی سے منسوخ کردیا گیا۔
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو سنگاپور میں 2 میچز کھیلنا تھے تاہم پہلے این او سی اور پھر ویزا کے اجراء میں تاخیر نے قومی ویمن فٹبالرز کی سنگاپور روانگی کا شیڈول متاثر کیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قومی ویمن فٹبالرز کو جمعے کی شام ویزے جاری کردیے گئے ، ٹیم کی ہفتے کو سنگاپور روانگی متوقع ہے ۔
تاخیر سے روانگی کی وجہ سے اب پاکستان اور سنگاپور کی ٹیمیں 15 جولائی کو شیڈولڈ ٹریننگ فرینڈلی گیم نہیں کھیل پائیں گی۔ اس میچ کو باہمی مشاورت سے منسوخ کردیا گیا ہے ۔ دونوں ٹیمیں 18 جولائی کو انٹرنیشنل فیفا فرینڈلی گیم شیڈول کے مطابق کھیلیں گی۔
روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے ویمن فٹبال ٹیم سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی فیفا رینکنگ 157 جبکہ سنگاپور کی رینکنگ 131 ہے تاہم پاکستان ویمن ٹیم کی پلیئرز اس دوستانہ میچ میں اچھے نتائج کیلئے پر امید ہیں۔ پاکستان ویمن ٹیم نے سال 2023 میں اب تک 6 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جس میں سے 2 میں اس کو کامیابی ملی، ایک میچ ڈرا ہوا جبکہ تین میں اسے شکست ہوئی۔