16 جولائی ، 2023
پب جی گیم پر لڑکے سے دوستی کے بعد 4 بچوں سمیت بھارت پہنچنے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر سے متعلق تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔
سیما کے بچوں کی پیدائش کے حوالے سے بھی ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیما کے پاکستان سے نیپال جانے کا مقصد صرف بھارتی شہری سے تعلقات ہیں۔
رپورٹ میں سامنے آیا ہےکہ سیما رضا دختر غلام رضا نے 15 فروری 2014 کو جیکب آباد کی عدالت سے شادی کی اجازت لی، عدالتی اجازت کے بعد غلام حیدر جاکھرانی سے شادی کی، عدالتی بیان میں سیما حیدر نے اپنی عمر 19 سال بتائی۔
یکم جنوری 2018 سے دو جنوی 2021 کے درمیان سیما نے 4 بچوں کو جنم دیا، سیما کا والد رکشا ڈرائیور ہے اور اس کا بھائی سرکاری ملازم ہے جب کہ اس کی دو بہنیں ہیں۔
سیما نے فلائٹ ایف زیڈ 336 کے ذریعے پہلا سفر کیا، رواں سال 10 مئی کو فلائٹ دبئی کے ذریعے وہ شارجہ سے کراچی واپس آئی، دو دن بعد 18 مئی کو بچوں کے ہمراہ سفر کیا، دوبارہ10 مارچ کی صبح کراچی سے فلائٹ لی۔
اس سے قبل سیما کے کسی فضائی سفر کا ریکارڈ نہیں مل سکا ہے، نادرا میں شناختی کارڈ بنوانےکے دوران سیما کی عمر کا اندراج بھی غلط کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے نواحی علاقے سے گرفتار ہونے والی 27 سالہ سیما نے مقامی پولیس کو بتایا تھا کہ 2019 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران پب جی کھیلتے ہوئے اس کی بھارتی لڑکے سچن سے دوستی ہوئی، پھر واٹس ایپ پر باتوں کا سلسلہ شروع ہوا اور پھر ہمیں ایک دوسرے سے محبت ہوگئی اور میں نے بھارت آنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایک مخبر کے ذریعے اس واقعے کی اطلاع اس وقت ملی جب پاکستانی لڑکی نے بھارتی لڑکے سے شادی کے لیے ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا جو دراصل پولیس کا مخبر تھا، مخبر کی اطلاع پر واقعے کی تحقیقات کی گئیں اور پھر تصدیق کے بعد خاتون اور اس کے بچوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
بھارت میں گرفتار پاکستانی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ نیپال کے ذریعے بھارت میں داخل ہوئے، میں سب کچھ چھوڑ کر بھارت آئی ہوں اور سچن سے بہت پیار کرتی ہوں، میں واپس پاکستان نہیں جانا چاہتی۔
ادھر بھارت جانے والی خاتون کے شوہر غلام حیدر جاکھرانی کا کہنا ہے کہ میری بیوی کو پب جی گیم کے ذریعے ورغلا کر بھارت بلایا گیا، حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ بیوی اور بچوں کو واپس لایا جائے۔