18 جولائی ، 2023
آن لائن لون ایپلی کیشنز سے قرضے کا حصول اور 40 فیصد سود کے ساتھ واپسی کے فراڈ نے کئی گھر اجاڑ دیے۔
آن لائن لون اپیلی کیشنز فراڈ کے متعدد متاثرین سامنے آ گئے ہیں،کچھ نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش بھی کی۔
ان کا کہنا ہے کہ اپیلی کیشنز کے ریکوری سیلز نے فیملی کی جعلی نازیبا تصویریں بناکر انہیں بلیک میل کیا لیکن کسی حکومتی ادارے نے ان کے خلاف ایکشن نہ لیا۔
ایک لاکھ 70 ہزار متاثرین میں سے کچھ جیو نیوز کے دفتر پہنچے اور انہوں نے بتایا کہ لون ایپلی کیشنز پر اشتہارکے برعکس صرف 10 فیصد قرض دیاجاتا ہے اور 40 فیصد سودکے ساتھ 7 دن میں واپسی کا تقاضا کیا جاتا ہے۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ تمام کمپنیوں کا نیٹ ورک ایک ہے، ایک کمپنی سے قرض لیں تو وہ واپسی کے لیے دوسری کا لنک بھیج دیتی ہے ،اس طرح وہ قرض کی دلدل میں پھنستے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 50 ہزار قرض پر ڈھائی لاکھ اور ڈھائی لاکھ پر 18 لاکھ روپے سود دے چکے ہیں پھر بھی ڈیفالٹر ہیں، قرض کی رقم کا انتظام نہ ہونے پر فیملی کی جعلی فحش تصویریں اور ویڈیوز بنا کر بلیک میل کیا جاتا ہے۔
متاثرین نے بھی سوشل میڈیا پر گروپ بنا رکھا ہے جس میں ایک لاکھ 70 ہزار لوگ شامل ہیں ۔
ان کے مطابق انہیں بھارت،بنگلا دیش،نیپال اورملائیشیاکے نمبروں سے کال کرکے دھمکیاں دی جاتی ہیں ، یہ ایک انٹرنیشنل فراڈ ہے ،حکومتی اداروں کو حرکت میں آنا ہوگا۔