18 جولائی ، 2023
لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سائفر معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقات پر جاری حکم امتناع واپس لے لیا۔
سائفر کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی حکم امتناع ختم کرانےکی متفرق درخواست منظور کرلی گئی اور ایف آئی اے کو سائفر کے معاملے پر تحقیقات کی اجازت مل گئی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے وفاقی حکومت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سائفر تحقیقات پر جاری حکم امتناع واپس لیا۔
خیال رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفرکو بنیاد بنا کر ہی اپنی حکومت کے خلاف سازش کا بیانیہ بنایا تھا۔
سائفر سے متعلق عمران خان اور ان کے سابق سیکرٹری کے اعظم خان کی آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس کے بعد وفاقی کابینہ نے اس معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد کی تھی۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کے سلسلے میں سابق وزیراعظم عمران خان کو طلب کیا تھا جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائی کورٹ س رجوع کرتے ہوئے حکم امتناع حاصل کرلیا۔
وفاقی حکومت نے حکم امتناع ختم کرانےکی متفرق درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی تھی جسے آج منظور کرلیا گیا ہے۔