18 جولائی ، 2023
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ خبر سامنے آئی تھی کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے سے قبل 8 اگست کو توڑنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ قومی اسمبلی توڑنےکے لیے 9 اور 10 اگست پر بھی غور کیا گیا تھا۔
واضح رہےکہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست رات 12 بجے تک ہے، اسمبلی مدت سے قبل تحلیل ہونے پر عام انتخابات کرانے کے لیے نگران سیٹ اپ 90 دن کے لیے آئےگا۔
13 جولائی کو قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اگست 2023 میں معاملات نگران حکومت کے حوالے کرنےکا اعلان کیا تھا۔