20 جولائی ، 2023
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئندہ عام انتخابات کے لیے 42.5 ارب روپے گرانٹ کی منظوری دیدی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عام انتخابات کے لیے 42.5 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی سمری کی منظوری دے دی ہے تاہم انتخابات کے لیے فنڈز کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ابتدائی طور پر 10 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
ادھر اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ 12 اگست کو مدت مکمل ہونے پر اسمبلی تحلیل ہوئی تو 11 اکتوبر سے پہلےالیکشن کرا دیں گے، اگر اس سے قبل اسمبلی تحلیل ہوئی تو 3 ماہ میں الیکشن کرا لیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف بھی کہہ چکے ہیں کہ اگست میں حکومت تحلیل کر کے معاملات نگران حکومت کے سپرد کر دیں گے۔