20 جولائی ، 2023
فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے پہلے روز میزبان ممالک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ نیوزی لینڈ اور ناروےکے درمیان کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈنے ایک صفر کی فتح حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی درج کرائی۔
میچ کا فیصلہ کن گول حنا ولکنسن نے اسکور کیا جبکہ آسٹریلیا نے بھی ری پبلک آف آئر لینڈ کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیف کیٹلی نے گول کیا۔
نیوزی لینڈ کےشہر آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ سے قبل قبل شاندار افتتاحی تقریب ہوئی۔ گروپ اے کے نیوزی لینڈ اور ناروے کے درمیان کھیلے گئے میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے تیسرے ہی منٹ میں نیوزی لینڈ کی کھلاڑیوں نےمخالف ٹیم پر دباؤ بڑھایا اور ساتھی کھلاڑی کے پاس پر حنا ولکنسن نے خوبصورت گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی فتح دلوا دی۔
یہ نیوزی لینڈ کی فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال میں پہلی کامیابی تھی۔ نیوزی لینڈ کی کھلاڑیوں نے مخالف ٹیم کے گول پر کئی اٹیک کیے لیکن انہیں مزید کامیابی نہیں ملی۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کا کھیلا گیا میچ بھی دلچسپ رہا۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ کن گول 52ویں منٹ میں اسٹیف کیٹلی نے کیا۔
میگا ایونٹ کا دوسرا میچ میزبان آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا گیا ، شروع ہی سے دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پر حملے ہوئے لیکن پہلے ہاف میں کسی کو کامیابی نہ ملی۔
دوسرے ہاف کے شروع میں آسٹریلیا کو پنالٹی کک ملی اوراسٹیف کیٹلی نے اسے گول میں بدل دیا ۔ اس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ بنا سکی اور آسٹریلیا نے میچ ایک صفر سے جیت لیا۔
میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں 240 سے زیادہ فنکاروں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر شاندار ثقافتی شو پیش کیا گیا اور نغمے سنائے گئے۔