Time 22 جولائی ، 2023
کھیل

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نے آئی سی سی قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں

بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں بکھیر دیں۔

میر پور میں بنگلہ دیش کیخلاف تیسرے میچ میں جب امپائرز نے ہرمن پریت کور کو آوٹ قرار دیا تو ان سے برداشت نہ ہوا اور اپنا بیٹ وکٹ پر مار کر وکٹیں گرادیں اور پویلین واپس جاتے ہوئے ہرمن پریت کور امپائر پر غصے کا اظہار بھی کرتی رہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہرمن پریت کور کی یہ حرکت آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ 2.2 کی خلاف ورزی ہے، کرکٹ اکیوپمنٹ کے قانون کی خلاف ورزی پر بھارتی ویمن کپتان پر لیول ون کی کارروائی ہو سکتی ہے۔

بات صرف یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ ہرمن پریت کور میچ کے بعد انٹرویو میں بھی امپائرز پر برس پڑیں اور بنگلا دیش میں امپائرنگ کے معیار کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے کہا ہمیں اب اندازہ ہو گیا کہ یہاں کیسی امپائرنگ ہوتی ہے، آئندہ جب بھی ہم بنگلا دیش آئیں گے تو یہاں کی امپائرنگ کے لحاظ سے تیاری کر کے آئیں گے۔

بھارتی ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا امپائرز کی جانب سے کچھ بہت ہی برے فیصلے دیے گئے، ہمارے ہائی کمشنر بھی یہاں پر موجود ہیں، حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

امپائرز کے خلاف انٹرویو دینے پر بھی بھارتی ویمن کپتان کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق میچ کے بعد آفیشل فوٹو گراف کے موقع پر بھی ہرمن پریت بنگلا دیشی پلیئرز پر امپائرنگ کے طنز کستی رہیں۔

مزید خبریں :