23 جولائی ، 2023
انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے، ٹیکس ریٹرن آپ خود بھی آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔
لیکن ٹیکس ریٹرن جمع کرنے کے لیےکمپیوٹر کے سامنے بیٹھنے سے پہلے کون سی تفصیلات آپ کے پاس موجود ہونی چاہئیں؟ ویلتھ ٹیکس کیسے فائل کیا جائے؟ ویلتھ سے متعلق تفصیلات کیسے فائل کی جاسکتی ہیں؟ سال بھر میں آپ نے جو اخراجات کیے ہیں یا اثاثے بنائے ہیں، انہیں کس طرح انکم ٹیکس قوانین کے تحت فائل کرنا ضروری ہے؟
ان سوالات کے جوابات جاننا چاہتے ہیں تو یہ رپورٹ آپ کے لیے ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس پیئر کے لیے آسانی کرتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن آن لان جمع کرانےکی سہولت فراہم کی ہے۔
ماہر ٹیکس امور ذیشان مرچنٹ کا کہنا ہےکہ اگر آپ تنخواہ دار ہیں تو آپ کے پاس سیلری سرٹیفکیٹ، بینک پرافٹ کی تفصیل، شیئرز کا منافع ملا ہے تو ڈیویڈینڈ کی تفصیل، سال بھر کے خرچوں کا اندازہ ہونا چاہیے، یہ 4 چیزیں ہوں تو آپ آسانی سے ایف بی آر کی ویب سائٹ یا ایف بی آر کی ٹیکس آسان کی ایپ پر جا کر انکم ٹیکس ریٹرن منٹوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔
سب سے پہلے ایف بی آر کی ویب سائٹ(https://www.fbr.gov.pk/) پر جائیں، وہاں پر انکم ٹیکس کی ٹیب پر کلک کرکے IRIS کے لنک پر چلے جائیں اور لاگ ان کریں، وہاں پر مختلف کیٹیگریز ہیں جہاں پر جاکر باآسانی ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جاسکتے ہیں، اس کے لیے جیو نیوز کی مندرجہ بالا ویڈیو سے آپ رہنمائی لے سکتے ہیں۔
ویب پورٹل پر آپ آن لائن چالان حاصل کرکےکسی بھی قریبی بینک میں جا کر واجب الادا ٹیکس جمع کراسکتے ہیں۔
ذیشان مرچنٹ کے مطابق کوئی بھی شخص اگر تمام دستاویزات کے ساتھ ایف بی آر کی ویب سائٹ پر جائے تو وہ 4 سے 5 منٹ میں انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرسکتا ہے۔
قانون کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والے کو اپنے اثاثہ جات میں ظاہر کرنے ہوتے ہیں۔
ایف بی آر کی ویب سائٹ پر جاکر آپ اپنے اثاثوں سے متعلق تفصیلات بھی باآسانی جمع کراسکتے ہیں۔