Time 23 جولائی ، 2023
پاکستان

وزیراعظم کی ن لیگ چھوڑ کر جانیوالوں کو پارٹی میں واپس آنے کی پیشکش

جو دوپٹے پہن کرپی ٹی آئی میں گئے تھے آج وہ کہیں اور جا رہے ہیں، ہمارے لوگ راستہ بھول گئے تھے اب واپس گھر آئیں گے تو انہیں ویلکم کہیں گے: شہباز شریف۔ فوٹو فائل
جو دوپٹے پہن کرپی ٹی آئی میں گئے تھے آج وہ کہیں اور جا رہے ہیں، ہمارے لوگ راستہ بھول گئے تھے اب واپس گھر آئیں گے تو انہیں ویلکم کہیں گے: شہباز شریف۔ فوٹو فائل

صدر مسلم لیگ ن اور وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو دوبارہ واپس آنے کی پیشکش کر دی۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا منصوبہ بندی کے تحت نواز شریف کو اقتدار سے ہٹایا گیا، نواز شریف نےکبھی پاکستان یا اداروں کے خلاف بات نہیں کی، کچھ جنرلز کو کہا تھا جس کو آپ لانا چاہتے ہیں جب وہ آپ سے ڈیل کرے گا تو نواز شریف آپ کو فرشتہ لگے گا۔

ان کا کہنا تھا نواز شریف کی ہدایت کے مطابق آئی ایم ایف کا پروگرام منظور کروایا، سب سوال اٹھاتے تھے کہ ان حالات میں حکومت کیوں لی، لوگ کہتے تھے ایک ڈیڑھ سال رہ گیا ہے یہ سارا گند چیئرمین پی ٹی آئی کوہی اٹھانے دیں، اقتدار میں آنے سے ہمارا ووٹ بینک متاثر ہوا مگر ریاست بچ گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کے خارجہ تعلقات کو تباہ کر دیا تھا، انہوں نے چین، سعودی عرب، یواے ای، قطر اور دیگر دوست ممالک سے تعلقات خراب کر دیے تھے، دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پستی کی نچلی سطح تک تھے، برادر ممالک کے ساتھ تعلقات بہت حد تک نارمل سطح تک لے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم سب سے غلطیاں ہوئیں لیکن کیا 2013 سے 2018 تک ہم نے کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا لیکن پی ٹی آئی نے ہمیں، ہمارے بچوں اور اتحادی جماعتوں کے رہ نماوں کو جیلوں میں ڈالا۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا 2018 میں مسلم لیگ ن جیت رہی تھی لیکن آر ٹی ایس بند کی گئی تاکہ ن لیگ کی حکومت نہ بن سکے، 2018 میں ن لیگ اورپیپلزپارٹی کوڈس مینٹل کیا گیا، کبھی سنا تھا کہ شہروں میں انتخابی نتائج آنے میں کئی ہفتے لگ جائیں؟

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب محاذ کس طرح بنایا گیا اور لوگوں کو بنی گالہ میں دوپٹہ پہنایا گیا، جو دوپٹے پہن کرپی ٹی آئی میں گئے تھے آج وہ کہیں اور جا رہے ہیں، ہمارے لوگ راستہ بھول گئے تھے اب واپس گھر آئیں گے تو انہیں ویلکم کہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کا واقعہ بدترین اور ملک دشمنی تھی، 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں پر ملٹری ایکٹ لگے گا اور سول تنصیبات کو نشانہ بنانے والوں پر مقدمے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت چلیں گے۔

ملک میں نئی مردم شماری سے متعلق سوال پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اگر نئی مردم شماری کا پراسس ہوتا ہے تو پھر فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے کہ آگے کیا کرنا ہے، ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے، آئینی مدت میں حکومت چھوڑ رہے ہیں، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، امید ہے الیکشن وقت پر ہوں گے۔

مزید خبریں :