25 جولائی ، 2023
ایشین گیمز کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا جب کہ اسکواڈ میں بسمہ معروف کو شامل نہیں کیا گیا۔
ایشین گیمز سے قبل پاکستان ویمن ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف یکم سے 14 ستمبر تک سیریز کھیلے گی۔
انوشے ناصر اور شوال ذوالفقار کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ ڈیانا بیگ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
اسکواڈ میں کپتان ندا ڈار، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، عروب شاہ اور ام ہانی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ بسمہ معروف ایشین گیمز کے قواعد کے تحت اپنے بچوں کو کھلاڑیوں کے ساتھ رکھنے کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل نہیں۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ عائشہ نسیم کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو منظور کر لیا ہے۔
کپتان ندا ڈار کا بیان:
پاکستانی ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستانی ویمز کرکٹ نے متعدد یادگار لمحات دیکھ رکھے ہیں اور انہیں اس تاریخ کا حصہ ہونے کا اعزاز حاصل رہا ہے، اب کپتان کی حیثیت سے انہیں اپنی تجربہ کار اور نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے، ہم مل کر ان یادگار لمحات میں مزید اضافہ کریں گے اور تیسری مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کریں گے۔
ندا ڈار کا کہنا ہے کہ یقینی طور پر ایونٹ میں مقابلہ سخت ہوگالیکن انہیں کھلاڑیوں کی مہارت اور ٹیم اسپرٹ پر مکمل یقین ہے۔
ندا ڈار نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بسمہ معروف ٹیم کے ساتھ نہیں ہونگی انہیں اندازہ ہے کہ بسمہ کے لیے پاکستان کی نمائندگی کیا معنی رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ویمنز ٹیم 2010 میں چین میں ہونے والے ایشین گیمز اور پھر2014 میں جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت چکی ہے اور اس کی نظریں اب ہیٹ ٹرک مکمل کرنے پر مرکوز ہیں۔
پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی عالمی رینکنگ اور ٹورنامنٹ کے قواعدوضوابط کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز کوارٹرفائنل سے کرے گی جو 22سے 24ستمبر تک ہوں گے۔
سیمی فائنلز25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 26 ستمبر کو ہوگا۔
کانسی کے تمغے کے لیے میچ بھی 26ستمبر کو کھیلا جائے گا۔