25 جولائی ، 2023
اسلام آباد میں سول جج عاصم حفیظ کے گھر پر مبینہ طور پر ان کی اہلیہ سومیہ کے ہاتھوں مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی 14 سالہ کمسن ملازمہ رضوانہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کا بیان سامنے آیا ہے۔
جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر خالد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ جج کی گھریلو ملازمہ بچی کے دونوں بازو فریکچر ہیں، کلائی سے کہنی تک آپریشن ہو گا۔
ڈاکٹر خالد نے کہا کہ ملازمہ بچی کا علاج جاری ہے، بچی کے سر کا آپریشن ہوا ہے، زخم میں کیڑے پڑے ہوئے تھے۔
ڈاکٹر خالد کا کہنا ہے کہ ملازمہ بچی کا بلڈ پریشر کم ہے، طبیعت ٹھیک ہوتے ہی آپریشن کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملازمہ بچی کے چہرے پر زخم کا علاج بھی ہو رہا ہے۔
واقعے سے متعلق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا کا کہنا تھا کہ بچی کے سر پر چوٹوں کے 15 نشانات ہیں اور زخموں میں کیڑے پڑ چکے ہیں۔
بچی کے والدین کا کہنا تھا کہ جج عاصم حفیظ کی بیوی نے ان کی بیٹی پر تشدد کیا ہے، انہوں نے اپنی بیٹی کو 7 ماہ قبل سول جج عاصم حفیظ کے گھر ملازمت کیلئے بھیجا تھا۔