26 جولائی ، 2023
اسلام آباد: احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 31 جولائی تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی جب کہ بشریٰ بی بی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران بیرسٹرگوہر نے عدالت میں بتایا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف تھے، پھر ہائیکورٹ جانا ہے، کل ہائیکورٹ جانا ہے، سپریم کورٹ کی ڈائریکشن آگئی ہے، آگے چھٹیاں ہیں، چھٹیوں کے بعد کی تاریخ دے دیں۔
دورانِ سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب سردار مظفر نے کہا کہ یہ ہرتاریخ میں یہی کہتےہیں عبوری ضمانت کا کیس ہے اس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ انہیں کل کی تاریخ دے دیں، پیر 31 جولائی کی تاریخ ٹھیک ہے، خواجہ حارث بھی آجائیں گے۔
احتساب عدالت نے کہا کہ 31 جولائی کو عبوری ضمانت پر حتمی دلائل ہوں گے اور عبوری ضمانت میں 31 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔