Geo News
Geo News

Time 26 جولائی ، 2023
دنیا

بھارت: کالج کے واش روم میں ساتھی طالبہ کی ویڈیو بنانے پر 3 لڑکیوں کیخلاف مقدمہ درج

اس واقعے کی ایک ویڈیو مبینہ طور پر ون انڈیا کننڑا نامی یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی تھی اور کالو سنگھ چوہان نامی ایک شخص نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی یہی پوسٹ کی تھی: پولیس/ بھارتی میڈیا
 اس واقعے کی ایک ویڈیو مبینہ طور پر ون انڈیا کننڑا نامی یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی تھی اور کالو سنگھ چوہان نامی ایک شخص نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی یہی پوسٹ کی تھی: پولیس/ بھارتی میڈیا

بھارت: میڈیکل کالج کے واش روم میں ساتھی طالبہ کی ویڈیو بنانے پر 3 لڑکیوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر اُڈپی کے پیرا میڈیکل کالج نیترا جیوتھی انسٹی ٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ  پیرا میڈیکل کالج کی 3 طالبات پر واش روم میں دیگر طالبات کی مبینہ ویڈیو  بنانے کا الزام ہے اور ان کیخلاف ایف آئی آر  مالپے پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر میں نامزد طالبات کے نام شبناز، الفیہ اور علیمہ ہے جب کہ ایف آئی آر میں کالج انتظامیہ کا نام بھی شامل کیاگیا ہے، جو آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 509، 204، 175، 34 اور 66 (ای) کے تحت درج کی گئی ہے۔

کالو سنگھ چوہان نامی ایک شخص کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے جس نے ٹوئٹر پر ایک جعلی ویڈیو جاری کرتے ہوئے اسے میڈیکل کالج کی ویڈیو قرار دیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق میڈیکل کالج میں ویڈیو بنانے کا واقعہ 18 جولائی کو دوپہر ڈھائی سے تین بجے کے درمیان پیش آیا، اس معاملے پر جب 20 جولائی کو کالج میں احتجاج ہوا تو پولیس نے چھان بین شروع کی۔

کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لڑکیوں نے مذاق مستی میں ویڈیو بنائی اور جب یہ معاملہ سنگین ہوا تو متاثرہ طالبہ کے سامنے ویڈیو بنانے والی تینوں لڑکیوں نے ویڈیو ڈیلیٹ کی اور معافی بھی مانگی۔

کالج کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس نے تینوں لڑکیوں کے موبائل فونز ضبط کرلیے تھے لیکن متاثرہ لڑکی کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتی تھی۔

25 جولائی کو کالج انتظامیہ نے پریس کانفرنس کے دوران تینوں طالبات کو کالج سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔