گوگل میپس کی بالادستی کے خلاف میٹا، مائیکرو سافٹ اور ایمازون متحد ہوگئے

اس گروپ کو 2022 میں قائم کیا گیا تھا / فائل فوٹو
اس گروپ کو 2022 میں قائم کیا گیا تھا / فائل فوٹو

گوگل میپس کی بالادستی کے خلاف میٹا، مائیکرو سافٹ، ایمازون اور میپنگ کمپنی ٹوم ٹوم پر مشتمل گروپ نے پہلا اوپن میپ ڈیٹا سیٹ جاری کر دیا ہے۔

اوور ٹرو میپس فاؤنڈیشن نامی گروپ کا قیام 2022 میں عمل میں آیا تھا۔

اس اوپن میپ ڈیٹا سیٹ کے ذریعے تھرڈ پارٹی ڈویلپرز میپنگ یا نیوی گیشن پراڈکٹس تیار کرکے ایپل اور گوگل میپس کی بالادستی کو ختم کر سکیں گے۔

یہ 5 کروڑ 90 لاکھ مقامات کا ڈیٹا ہے، جس میں ریسٹورنٹس اور معروف مقامات شامل ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس اور دیگر چیزوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

یہ ڈیٹا میٹا اور مائیکرو سافٹ نے اکٹھا کرکے گروپ کے حوالے کیا تھا۔

اوور ٹرو میپس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر مارک پریولیو نے بتایا کہ ڈیٹا کو جاری کرنا ہماری مسلسل بدلتی دنیا کے لیے جامع میپ کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں ان مقامات کا ڈیٹا بھی موجود ہے جو پہلے سے دستیاب اوپن ڈیٹا سیٹ میں موجود نہیں، جس سے دنیا کے ہر کونے میں موجود بازاروں کے بارے میں جاننا ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میپنگ پر کام کرنے والا ہر فرد جانتا ہے کہ ابتدائی ڈیٹا تو محض آغاز ہے، زیادہ بڑا چیلنج ڈیٹا میں صارفین کی توقعات کے مطابق تبدیلیاں کرنا ہے۔

جب گزشتہ سال اس گروپ کا اعلان کیا گیا تھا تو اس میں شامل کمپنیوں نے کہا تھا کہ وقت کے ساتھ ڈیٹا کو مزید مقامات تک توسیع دی جائے گی۔

کمپنیوں کے مطابق اس گروپ کا مقصد ڈویلپرز کے لیے ایپس بنانے کا عمل آسان اور سستا بنانا ہے کیونکہ ابھی ایپل یا گوگل میپس کو استعمال کرنے پر پیسے خرچ کرنا پڑتے ہیں۔