Time 28 جولائی ، 2023
پاکستان

نواسہ رسولؐ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانی کے غم میں 9 محرم کے جلوس و مجالس

نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی شہادت کے غم میں ملک بھر میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔

نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی کی یاد میں کراچی کے نشتر پارک میں 9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس ہوئی، مجلس کے بعد جلوس نکالا گیا جو حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوا ۔

مجلس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیااورنواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم قربانی اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔

مجلس کے اختتام پر عزداران نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا، شرکا نے سویڈن واقعے کیخلاف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

نشتر پارک سے مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ پر برآمد ہوا، جلوس کے شرکاء نے امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی، عزداران نےامریکا ، اسرائیل اور سویڈن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مئیر کراچی اور دیگر کے ہمراہ جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

جلوس کی گزرگاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ۔ مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیان ایرانیان کھارادر پراختتام پذیر ہوا۔

اسلام آباد کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے جبکہ  لاہور میں بھی 9 محرم الحرام کا جلوس خیمہ سادات کی جانب گامزن ہے۔

 پشاور میں مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوگیا ہے۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزا سے برآمد ہوا۔

روہڑی میں امام بارگاہ شاہِ عراق سے ساڑھے پانچ سو سال قدیمی نو ڈھالہ تعزیے کا جلوس برآمد ہوا، جلوس کے شرکا دو مقامات پر پڑاؤ ڈالنے کے بعد آج رات میدان کربلا میں قیام کریں گے۔

میانوالی میں نویں محرم الحرام کا ایک صدی قدیم جلوس دریائے سندھ میں کشتیوں پر برآمد ہوا ۔

ملتان، حیدرآباد، ہنگو، گلگت، اسکردو، مظفر آباد اور ڈیرا اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں مجالس برپا ہوئیں اور ماتمی جلوس نکالے گئے۔

سکھر میں گھٹنوں تک بارش کے پانی میں جلوس برآمد  ہوا، ملک بھر میں دودھ اور شربت کی سبیلیں قائم  کی گئیں، نذر و نیاز کا اہتمام  ہوا، حساس علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔

مزید خبریں :