Time 28 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹر کے پرندے والے پرانے لوگو کو واپس لانے کا طریقہ جان لیں

اس طریقے سے ٹوئٹر کے پرانے لوگو کو واپس لانا ممکن ہے / رائٹرز فوٹو
اس طریقے سے ٹوئٹر کے پرانے لوگو کو واپس لانا ممکن ہے / رائٹرز فوٹو

ایلون مسک کی زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر (یا جسے اب ایکس کا نام دیا گیا ہے) کو گزشتہ دنوں ری برانڈ کیا گیا تھا جس کے دوران اس کا مشہور پرندے کا لوگو (logo) بھی تبدیل کر دیا گیا۔

پہلے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں پرندے کی بجائےایکس لوگو کو استعمال کیا گیا اور پھر یہ تبدیلی اینڈرائیڈ ایپ میں کی گئی۔

ویسے تو موبائل ایپ میں کی جانے والی تبدیلی پر صارفین کچھ نہیں کر سکتے مگر ڈیسک ٹاپ سائٹ پر ضرور اس کے مشہور لوگو کو واپس لانا ممکن ہے۔

جی ہاں واقعی ایک طریقے سے پرندے کا لوگو واپس لایا جا سکتا ہے۔

اگر آپ کرومیم پر مبنی ویب براؤزر جیسے کروم، ایج یا اوپیرا استعمال کر رہے ہیں تو ایک ویب ایکسٹینشن ' twitter_icon_x_to_bird ' سے ایکس لوگو کو پرندے سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

اس نئی ایکسٹینشن کو اب تک 10 ہزار سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے اور صارفین کی جانب سے اس حوالے سے کافی مثبت رائے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اس ایکسٹینشن کو کروم ویب اسٹور پر جاکر تلاش کیا جا سکتا ہے اور وہاں اسے تلاش کرکے انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ 24 جولائی کو ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کرنے کے بعد ایلون مسک نے اس فیصلے کی وضاحت اس پلیٹ فارم پر اپنے ایک میسج میں کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ محض ایک کمپنی کا نام تبدیل کرنا نہیں جو نام بدل کر بھی ماضی کی طرح کام کرتی رہے، درحقیقت ٹوئٹر نام اس وقت سمجھ میں آتا تھا جب ایک میسج 140 حروف پر مشتمل ہوتا تھا، جیسے پرندے چہچہا (ٹوئٹنگ) رہے ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کو ایکس کارپوریشن نے خرید کر اظہار رائے کی آزادی اور سپر ایپ ایکس کی جانب سفر کو یقینی بنایا، اب آپ اس میں لگ بھگ سب کچھ پوسٹ کر سکتے ہیں، یہاں تک کہ کئی گھنٹے طویل ویڈیوز بھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے مہینوں میں ایکس ایپ کمیونیکیشن، ملٹی میڈیا اور صارف کی تمام مالیاتی ضروریات کو پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوگی، اس تناظر میں ٹوئٹر نام درست نہیں، تو ہم نے پرندے کو الوداع کہہ دیا ہے۔

ایلون مسک عرصے سے ٹوئٹر کو چین کی مشہور ایپ وی چیٹ جیسا بنانے کی خواہش ظاہر کرتے رہے ہیں جس میں میسجنگ کے ساتھ ساتھ آن لائن مالیاتی سروسز بھی صارفین کو دستیاب ہوتی ہیں۔

ٹوئٹر کو اس وقت ری برانڈ کیا گیا جب حال ہی میں ایلون مسک نے تسلیم کیا تھا کہ کمپنی کی اشتہاری آمدنی میں 50 فیصد کمی آئی ہے اور بظاہر نام اور لوگو کی تبدیلی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لوگوں کی توجہ بڑھانے کے لیے کی گئی ہے۔

مزید خبریں :