30 جولائی ، 2023
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے 9 مئی کے واقعات پاکستان، افواج پاکستان اور سپہ سالار کے خلاف سازش تھے۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کی سازش کا سرغنہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کی سازش میں خواتین، مرد، سیاسی جتھہ، کچھ فوجی اور ان کے خاندان شامل تھے، 9 مئی کی سازش کرنے والوں کی کوشش تھی کہ فوج کا تختہ الٹ دیں، 9 مئی کی سازش کرنے والے پاکستان میں انارکی اور خانہ جنگی چاہتے تھے۔
موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے متعلق سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے تک ہے، مدت ختم ہونے سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر کو بھیج دیں گے۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا الیکشن میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت اتحادی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے، جہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت نہیں وہاں مسلم لیگ ن اپنا امیدوار کھڑا کرے گے۔
الیکشن جیتنے کی صورت میں مسلم لیگ ن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار سے متعلق سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا اگر ن لیگ الیکشن جیتی تو وزارت عظمیٰ کے امیدوار نواز شریف ہوں گے۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے القادر ٹرسٹ منی لانڈرنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گئی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور یادگار شہدا کی بیحرمتی کی گئی۔
9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں نے پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جدا کر لیں، کچھ پی ٹی آئی رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی استحکام پاکستان پارٹی جوائن کر لی جبکہ پرویز خٹک اور محمود خان نے پی ٹی آئی پارلیمینٹیرین کے نام سے پارٹی قائم کر لی۔