Time 16 مئی ، 2023
پاکستان

9 مئی واقعات کے بلوائی اورمنصوبہ سازوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بلوائی اورمنصوبہ سازکسی رعایت کےمستحق نہیں، سب کوگرفتار کرکے مقدمات درج کرائیں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ 9 مئی کو جو کچھ بھی ہوا پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن یاد رکھا جائے گا، پورے پاکستان نے انتہائی غم اور غصے میں یہ دن گزارے، ہم سوچنے پر مجبور ہیں کہ کونسا نظریہ اور شخص تھا جس نے وطن سے محبت کو آگ لگائی، اس گھر میں جو سپوت مقیم تھے وہ پاکستان کی حفاظت کرتے ہیں، جناح ہاؤس گیا تو یقین نہیں آتا تھا ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی، جنھوں نے منصوبہ بندی کی جھتوں کو توڑ پھوڑ پر اکسایا، لیڈ کیا یہ سب دہشت گردوں کے زمرے میں آتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے، شہدا کی یادگاروں، غازیوں کی بے حرمتی کی گئی، ایف سی کے اسکول میں تباہی کی گئی، تاریخ میں جتنا بھی گھمبیر واقعہ ہوا ہے اس طرح کی حرکتیں کبھی نہیں دیکھیں، 22کروڑ عوام اور حکومت اس مذموم حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ اس طرح کا دلخراش منظرکسی نے کبھی پاکستان میں نہیں دیکھا، ہم کچھ بھی کر لیں شہدا کا قرض ادا نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ جنھوں نے منصوبہ بندی کی، بلوائیوں کو اکسایا، لیڈ کیا، آگ لگائی کسی رعایت کے قابل نہیں، ان واقعات کے ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لانا ہوگا،  برطانیہ میں راتوں کو بھی عدالتیں لگیں اور ملزمان کو سزائیں دی گئیں، جو بے گناہ ہے ان کو ہاتھ نہ لگایا جائے اور جو گناہ گار ہے سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جس نے جرم کیا ہے اس کا بچ نکلنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، ایسے انتظامات کرنے چاہیے کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم بھی حکم دے تو ان واقعات کے مجرموں کو نہ چھوڑا جائے اور ملزمان کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کرکے مقدمات درج کیے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی اور پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا۔

مزید خبریں :