30 جولائی ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کو فوری حتمی شکل دینا ہے جس کے لیے مشاورتی عمل کل سے پھر شروع ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی اولین ترجیح ڈومیسٹک کرکٹ کی شروعات ہے اور اس کے لیے گزشتہ ہفتے مشاورتی عمل کا آغاز کرکٹ کمیٹی کے ہیڈ اور ایڈوائزر ٹو چیئرمین مصباح الحق نے کیا تھا جس کا آغاز اب پھر چھٹیوں کے بعد کل سے ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کے معاملات زیرِ غور نہیں ہیں کیونکہ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کو جلد از جلد حتمی شکل دینا چاہتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنز اور ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی تعداد کے فیصلے کے بعد جلد ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔
پی سی بی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کے حوالے سے نہ فیصلہ ہوا ہے اور نہ مشاورت ہوئی ہے، بلاوجہ کا تاثر دیا گیا کہ مینجمنٹ تبدیل کی جا رہی ہے۔
نو چینج نیڈ ان دی مینجمنٹ کا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بھی چلایا گیا، سابق چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بھی اس ٹرینڈ کی توثیق کی تاہم کوچز کی تعیناتی کے طریقہ کار کا ضرور جائزہ لیا جائے گا، البتہ فوری تبدیلی پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔