Time 31 جولائی ، 2023
کھیل

ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان شاہینز نے اے سی کامیٹس کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

اس سے قبل اتوار کے روز ناردرن ٹیریٹری اسٹرائیک نے پاکستان شاہینز کو 59 رنز سے ہرادیا تھا— فوٹو: پی سی بی
اس سے قبل اتوار کے روز ناردرن ٹیریٹری اسٹرائیک نے پاکستان شاہینز کو 59 رنز سے ہرادیا تھا— فوٹو: پی سی بی

ڈارون: ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان شاہینز  نے اے سی ٹی کامیٹس کے خلاف میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔

اس سے قبل اتوار کے روز ناردرن ٹیریٹری اسٹرائیک نے پاکستان شاہینز کو 59 رنز سے ہرادیا تھا۔

ڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر اے سی کامیٹس کو  پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔

پاکستان شاہینز کی عمدہ بولنگ اور فیلڈنگ کی وجہ سے کامیٹس کے بیٹرز بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے، کامیٹس کے تین بیٹرز رن آؤٹ ہوئے۔

جواب میں پاکستان شاہینز نے مطلوبہ اسکور 16 ویں اوور میں ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔

اے سی کامیٹس کی اننگز کی پہلی ہی گیند پر سجاد علی نے ایرک بیل کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ زیک کیو اور نکولس بروس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔ زیک کیو 23 رنز  بناکر فیصل اکرم کی گیند پر شامل حسین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

نکولس بروس نے 37رنز کی اننگز کھیلی انہیں بھی فیصل اکرم نے شامل حسین کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے فیصل اکرم نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان شاہینز نے 122 رنز کے ہدف کا تعاقب شامل حسین اور باسط علی کے ذریعے پر اعتماد انداز میں کیا۔

دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بنائے۔ باسط علی 28 رنز بنا کر دسویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر شامل حسین اور کپتان روحیل نذیر نے دوسری وکٹ کیلئے ناقابل شکست 59 رنز بنائے اور ٹیم کو 9 وکٹوں سے کامیابی دلوائی۔

شامل حسین نے 44 گیندوں پر 57 رنز بنائے جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ روحیل نذیر نے 39 رنز 21 گیندوں پر بنائے جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

پاکستان شاہینز اپنا تیسرا میچ منگل کے روز میلبرن رینی گیڈز کے خلاف کھیلے گی۔

مزید خبریں :