جرائم

کراچی: مبینہ مقابلے میں دو بھائیوں کو زخمی کرنے کا معاملہ مشکوک، گرفتاری کی ویڈیو جاری

کراچی میں مستونگ کے دو نو عمر بھائیوں کو مبینہ مقابلے میں گولیاں زخمی کرنے کا معاملہ مشکوک ہوگیا۔

کراچی کے الفلاح تھانے کی حدود میں دو نوعمر بھائیوں کو پولیس مقابلے میں زخمی کرنے کے حوالے سے سامنے آئی ایک ویڈیو نے معاملہ مشکوک بنا دیا ہے۔ 

اہل خانہ کے مطابق بلوچستان کے علاقے مستونگ سے تعلق رکھنے والے دو نو عمر بھائی نور محمد اور فہیم احمد گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کیلئے والدہ کے پاس کراچی آئے ہوئے تھے اور الفلاح کے علاقے گلشن منیر میں اپنی والدہ کے پاس رہائش پذیر تھے۔ 

27 جولائی کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں نور محمد اور فہیم احمد کو رفاع عام سوسائٹی میں زخمی ظاہر کیا، دونوں بھائیوں کی گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں ویڈیوز بھی جاری کی گئیں۔ 

پولیس نے ان کے خلاف پولیس مقابلے اور اسلحہ کی برآمدگی کے مقدمات بھی درج کیے تاہم دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے کی فوٹیج اب سامنے آئی ہے۔ 

موبائل فون کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو میں دونوں بھائیوں کو گرفتار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، دونوں بھائیوں کو دو پولیس اہلکار ایک موٹر سائیکل پر درمیان میں بٹھا کر روانہ ہوتے بھی دکھائی دیے، گرفتاری کے چند منٹ بعد دونوں بھائیوں کو رفاع عام سوسائٹی میں مقابلے میں زخمی ظاہر کیا گیا۔ 

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہوئی ہے، ویڈیو بھی دیکھی ہے، اس سلسلے میں چھان بین کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے موصول دستاویزات کے مطابق زخمی ملزم نور محمد نے سال 2022  میں حرا ہائی اسکول مستونگ سے میٹرک پاس کیا تھا، ان کے چھوٹے بھائی فہیم احمد نے سال 2022 میں نویں جماعت کا امتحان دیا تھا۔

اس سلسلے میں والدہ اور دیگر اہل خانہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔

مزید خبریں :