Time 04 اگست ، 2023
پاکستان

نگران وزیراعظم پر مزید مشاورت کا فیصلہ، شاہد خاقان، حفیظ شیخ، اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد امیدوار

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل اور دیگر نے شرکت کی/ فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل اور دیگر نے شرکت کی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت  اور اتحادی جماعتوں نے نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس  میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، خالد مقبول صدیقی، اسلم بھوتانی اور محسن داوڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں  نگران سیٹ اپ اور نگران وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی، حفیظ شیخ اور دیگر ناموں پر غور کیا گیا جس کے بعد اتحادی جماعتوں نے اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی کی تحلیل

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا اتحادی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا قومی اسمبلی توڑنےکی سمری 9 اگست کو صدر کو بھیج دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم کا کہنا تھا نگران وزیر اعظم کے نام کے لیے کل سے مشاورت ہو گی اور آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت مکمل کر لیں گے۔

خیال رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے اور چند روز قبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ 9 اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر کو بھیج دیں گے۔

مزید خبریں :