Time 06 اگست ، 2023
کھیل

بابر اعظم، شاہین اور رضوان کو ماہانہ کتنی تنخواہ کی پیشکش ہوئی؟

تینوں فارمیٹس کی میچ فیس میں مجموعی طور پر 25 فیصد تک اضافہ کیا جا رہا ہے جب کہ ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے__فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو/فائل
تینوں فارمیٹس کی میچ فیس میں مجموعی طور پر 25 فیصد تک اضافہ کیا جا رہا ہے جب کہ ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے__فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو/فائل

قومی کرکٹرز کے اگلے سینٹرل کنٹریکٹ میں ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگریز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ روایتی انداز میں اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں ملیں گے اورسینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد بھی کم کر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ برس سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 33 تھی تاہم نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 25 یا 26 رکھنے اور سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضوں میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹس کی میچ فیس میں مجموعی طور پر 25 فیصد تک اضافہ کیا جا رہا ہے جب کہ ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

بابر ، رضوان اور شاہین کو کتنے معاوضے کی پیشکش کی گئی؟

کھیلوں کی ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت ٹاپ کرکٹرز کو ماہانہ 45 لاکھ روپے ریٹینر شپ فیس کی پیشکش کی ہے۔

سابقہ کنٹریکٹ کے تحت ریڈ بال پلیئرز کا ماہانہ معاوضہ ساڑھے 10 لاکھ اور وائٹ بال کا ساڑھے 9 لاکھ روپے دیا جاتا تھا تاہم اب چیئرمین ذکا اشرف نے کھلاڑیوں کے لیے تنخواہوں میں اچھے خاصے اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ کنٹریکٹ میں فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، ٹیسٹ میچ فیس 8 لاکھ 38ہزار 530، ون ڈے انٹرنیشنل 5 لاکھ 15 ہزار 696 جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل فیس 3 لاکھ 72 ہزار 75 روپے تھی جو کہ تمام کیٹیگریز کے پلیئرز کو یکساں ملتی تھی۔

مزید خبریں :