06 اگست ، 2023
توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو عدالت سے ملنے والی سزا پوری دنیا کی خبروں کی زینت بن گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے لکھا کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کو کرپشن کیس میں ملوث پائے جانے پر تین سال جیل کی سزا سنادی گئی۔
برطانوی اخبار گارڈین نے لکھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کرپشن کی بنیاد پر پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیےگئے۔
خلیجی اخبار گلف نیوز نے رپورٹ کیا کہ پولیس نے عدالتی فیصلےکے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال کے لیےگرفتارکرلیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے سابق وزیراعظم کی طرف سے کرپشن پر اپنی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال کو خبروں کی زینت بنایا۔
اس کے علاوہ ڈی ڈبلیو، وائس آف امریکا، الجزیرہ اور واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کو کرپشن پر تین سال قید کی سزا سنادی گئی۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کو بطور وزیراعظم ریاستی تحائف غیر قانونی طریقے سے فروخت کرنے پرگرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز اسلام آبادکی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قیدکی سزا سنائی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آبادکی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تین سال قید کی سزا سمیت ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو 6 ماہ مزید قید ہوگی۔
جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سناتے ہوئےکہا کہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کےگرفتاری کے وارنٹ نکالے جاتے ہیں۔توشہ خانہ کیس میں سیشن عدالت کے حکم کے بعد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔