پاکستان

نگران وزیراعظم کیلئے شارٹ لسٹ ہونیوالوں میں حفیظ شیخ بھی شامل ہیں: رانا ثنااللہ

نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ  اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام بھی شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے۔

یہ بات جیو نیوز کے پروگرام 'نیا پاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نےکہی۔

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نگران  وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والوں میں اسحاق ڈار  اور  شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرخزانہ حفیظ شیخ اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے، منگل یا بدھ تک نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ ہوجائےگا۔

یاد رہےکہ حفیظ شیخ تحریک انصاف کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ اور پھر وفاقی وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں، وہ  سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار  بھی رہے، انہیں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمودکا نام بھی زیر غور ہے۔

سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود،فوٹو: فائل
سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود،فوٹو: فائل

ذرائع کے مطابق مخدوم احمد محمود، شاہد خاقان عباسی اور  حفیظ شیخ کےناموں پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے نگران وزیراعظم کے لیے اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد کے نام بھی سامنے آرہے ہیں۔

 خیال رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنےکی تاریخ دی ہے۔

واضح  رہےکہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔

مزید خبریں :