خواہش ہے ایشیز کی طرز پر پاکستان بھارت جناح گاندھی سیریز کھیلیں، ذکا اشرف

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی— فوٹو:فائل
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی— فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی پی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ سے بڑھ کر کوئی اور سیریز نہیں، چاہتے ہیں دونوں ٹیموں کے درمیان جناح گاندھی سیریز منعقد ہو۔

جیونیوز کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے ایشیز کی طرز پر پاکستان بھارت جناح گاندھی سیریز کھیلیں، پاکستان اور بھارت کی کرکٹ سے بڑھ کر کوئی اور سیریز نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ امید ہے بھارتی بورڈ جلد پی سی بی سے بہترین تعلقات کی شروعات کرے گا۔

ذکا اشرف نے بتایاکہ کپتان بابراعظم، کوچ بریڈبرن اورفاسٹ بولنگ کوچ مورنی مورکل ایشیاکپ اورورلڈ کپ تک رہیں گے، ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر بھی ایشیا کپ اور ورلڈ کپ تک تبدیل نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سابق چیئرمین کے لیے بورڈ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھاکہ امریکا اور سعودی عرب میں پی سی بی کرکٹ لیگز کیلئے بات چیت شروع کرچکا ہے، پی ایس ایل کے بعد پی سی بی اب اپنی ٹی 10 لیگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے پاکستان میں میچز کیلئے پی سی بی خاص تیاریاں کر رہا ہے، راشد لطیف کو بورڈ میں نہیں بلایا، وہ مصباح الحق کی دعوت پر آئے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں ذکا اشرف کا کہنا تھاکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کا لیگ کھیلنا خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈرہے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے قبل لیگ کھیلنے میں کرکٹرز زخمی ہوسکتے ہیں لیکن سابقہ بورڈ کی اجازت کے باعث کرکٹرز کو لیگ کھیلنے سے نہیں روک سکتے۔

مزید خبریں :