Time 07 اگست ، 2023
کھیل

دی ہنڈریڈ: شاہین شاہ آفریدی کی پہلی گیند پر وکٹ لینے کی روایت برقرار

فوٹو: دی ہنڈریڈ
فوٹو: دی ہنڈریڈ

انگلینڈ میں ہونے والے 'دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے پہلی گیند پر وکٹ لینے کی روایت برقرار رکھی ہے۔

دی ہنڈریڈ ایونٹ میں ولیش فائر  کی نمائندگی کرنے والے شاہین آفریدی نے آج بھی آتے ہی حریف بیٹر کو چلتا کیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے اوول انونسبلس کے جیسن روئے کو پہلی گیند پر آؤٹ کیا۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے آج 20 گیندوں پر 22 رنز دیے اور مجموعی طور پر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی اسٹار  نے 20 گیندوں میں 12 ڈاٹ بالز کرائیں، دو چوکے ، ایک چھکا کھایا۔

اس کے علاوہ پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف بھی  ولیش فائر کی ٹیم کا حصہ تھے، انہوں نے 20 گیندوں پر بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے،27 رنز دیے۔

 ولیش فائر اور اوول انونسبلس کے درمیان کھیلے جانے والا میچ ٹائی ہوگیا، ویلش فائر نے پہلے کھیلتے ہوئے  6 وکٹوں پر 138 رنز بنائے تھے جبکہ جواب میں  انونسبلس کی ٹیم بھی 7 وکٹوں پر 138 رنز بناسکی۔

'دی ہنڈریڈ' میں کونسے پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں؟

رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے ’دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ میں 6 پاکستانی کھلاڑی حصہ رہے ہیں۔

قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف ویلش فائر کی جانب سے کھیل رہے ہیں جب کہ اسامہ میر اور زمان خان مانچسٹر اوریجنلز اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

آل راؤنڈر شاداب خان برمنگھم فینکس کی نمائندگی کررہے ہیں اور نوجوان پیسر احسان اللہ اوول انونسبلس کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

مزید خبریں :