Time 07 اگست ، 2023
پاکستان

چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے درخواست دائر

چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں اے کلاس فراہم کی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے: نعیم پنجوتھا
چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں اے کلاس فراہم کی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے: نعیم پنجوتھا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کی جانب سے عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

نعیم پنجوتھا کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں اے کلاس فراہم کی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ عمران خان کو ذاتی معالج، اہلخانہ اور پارٹی کے سینئر قائدین سے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو دو روز قبل توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوئی تھی، عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد عمران خان کو لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان کو اٹک جیل میں 9 بائی 11 کی سیل میں رکھا گیا ہے اور انہیں سی کلاس دی گئی ہے۔

مزید خبریں :