08 اگست ، 2023
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی جس دوران پٹیشنر کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پاور آف اٹارنی پیش کیا اور کہا کہ جیلوں کے حوالے سے رولز دستیاب ہیں۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ جو بھی قانون قاعدہ ہو بتا دیجیے گا، اس کے مطابق آرڈر کردیں گے، ایک چیز ذہن میں رکھیں، جیلوں کے رولزمیں جوسہولت ہے وہی آرڈر کریں گے، جو وکلا ملنا چاہتے ہیں بتادیں، اس لحاظ سے آرڈر کردیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست نمبر لگنے کے بعد کل دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہوگی اس درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی استدعا کی گئی ہے۔