08 اگست ، 2023
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین وکلا کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔
ہائیکورٹ نے عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ منتقلی اور سہولیات فراہمی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردیے گئے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
اس کے علاوہ ہائیکورٹ نے تین وکلا کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔
وکیل شیر افضل مروت ، عمیر نیازی اور نعیم حیدر پنجھوتھا کو عدالت نے ملاقات کی اجازت دی اور حکم دیاکہ اٹک جیل حکام تینوں وکلا کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی سہولت فراہم کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھاکہ وکلا وکالت نامہ پر دستخط اور ہدایات لینے کے لیے ملاقات کرنا چاہ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا اور وہ وہاں سزا کاٹ رہے ہیں۔