Time 08 اگست ، 2023
پاکستان

وزیر اطلاعات کو پیمرا ترامیم واپس نہيں لینی چاہیئيں: ایمینڈ

لفظ تنخواہ کو واجبات سے بدلاجاسکتا ہے تاکہ میڈیا ادارے غیر ادا واجبات کی مد میں فائدہ نہ لے سکیں، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوزڈائریکٹرز کی تجویز— فوٹو:فائل
لفظ تنخواہ کو واجبات سے بدلاجاسکتا ہے تاکہ میڈیا ادارے غیر ادا واجبات کی مد میں فائدہ نہ لے سکیں، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوزڈائریکٹرز کی تجویز— فوٹو:فائل

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوزڈائریکٹرز ’ایمینڈ’ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو پیمرا ترامیم واپس نہیں لینی چاہیئیں تھیں۔

اعلامیے کے مطابق پیمرا ترامیم ایکٹ صحافتی تنظیموں کی مشاورت سے بنایا گیاتھا، مشاورت میں وزارت اطلاعات کے ساتھ پی بی اے، ایمینڈ، اےپی این ایس، پی ایف یو جے اور سی پی این ای بھی شریک تھے۔

ایمینڈ کا کہنا تھاکہ پیمرا ترامیم ایکٹ بل میں مزید بہتری کی گنجائش ہے لیکن مجموعی طور پریہ مثبت ہے، بل میں سب سے اہم چیز میڈیا ورکرز کےحقوق میں بہتری لانے کی بات تھی۔

اعلامیے کے مطابق کچھ چینلزمیں میڈیاورکرز کی تنخواہیں کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہیں، میڈیاورکرز کو تاخیرسے تنخواہیں دینےوالے چینلز کوپھر بھی حکومتی اشتہارات مل رہے ہیں، حکومت کو اشتہارات میڈیا ورکرز کے تمام واجبات ادائیگی سے مشروط کرنےکی تجویز دی تھی۔

ایمینڈ نے تجویز دی کہ لفظ تنخواہ کو واجبات سے بدلاجاسکتا ہے تاکہ میڈیا ادارے غیر ادا واجبات کی مد میں فائدہ نہ لے سکیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پیمرا چیئرمین کا انتخاب حکومت کے بجائے پارلیمان سے کرانے کا مشورہ دے چکی ہے،پیمرا کو آزاد ادارہ بنانے کے لیے سپریم کورٹ کے مشورے پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔

ایمینڈ نے مطالبہ کیاکہ بل کو واپس لینے کے بجائے ان تجاویز پرعمل سے اس پر اختلافات کو کم کیاجانا چاہیے۔

مزید خبریں :