Time 09 اگست ، 2023
انٹرٹینمنٹ

ظالم ساس کے کرداروں کی وجہ سے بیٹے کی ساس نے رشتے کیلئے بہت سوچا: صبا فیصل

منفی کرداروں کی وجہ سے میرا ایک بہت ظالم، غصے والی اور اصول پسند ساس کا امیج بن چکا ہے لیکن درحقیقت میں ایسی نہیں ہوں: اداکارہ کا وائرل انٹرویو کلپ/فوٹوفائل
منفی کرداروں کی وجہ سے میرا ایک بہت ظالم، غصے والی اور اصول پسند ساس کا امیج بن چکا ہے لیکن درحقیقت میں ایسی نہیں ہوں: اداکارہ کا وائرل انٹرویو کلپ/فوٹوفائل

سینیئر اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ ان کے منفی کرداروں کی وجہ سے انہیں حقیقی زندگی میں بھی بہت ظالم تصور کیا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ صبا فیصل کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں میزبان نے ان کے منفی کرداروں سے ان کی اپنی زندگی پر پڑنے والے اثرات سے متعلق سوال کیا؟

سوال کے جواب میں صبا فیصل نے اعتراف کیا ان کرداروں کی وجہ سے میرا ایک بہت ظالم، غصے والی اور اصول پسند ساس کا امیج بن چکا ہے لیکن درحقیقت میں ایسی نہیں ہوں۔

صبا فیصل نے اس حوالے سے بیٹے کی شادی کا واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب میں بہو نیہا کے گھر اس کا رشتہ  لے کر گئی تو ان کے گھر والوں نے مجھے 2 ماہ تک جواب نہیں دیا جس کے بعد میں نے بیٹے سے کہا کہ اگر انہیں تم پسند ہو، کسی چیز میں کوئی مسئلہ نہیں تو نیہا کے گھر والے ہاں کیوں نہیں کررہے؟

اداکارہ کے مطابق اس کے بعد نیہا کی والدہ نے  مجھے بتایا کہ میں آپ کو ہاں میں جواب دینا چاہتی ہوں لیکن جب بھی رشتے کیلئے ہاں کرنے کا ارادہ کرتی ہوں اسکرین پر آپ کا کوئی ایسا ڈرامہ چل رہا ہوتا ہے جس میں آپ کو  ظالم ساس دکھایا جاتا  ہے تو میں گھبرا جاتی ہوں اور بیٹی سے کہتی ہوں نیہا سوچ لو ! ابھی بھی وقت ہے۔

صبا فیصل کا کہنا تھا کہ  اس لیے میرا ماننا ہے کہ منفی کرداروں کا اثر پڑتا ہے، میں خود بھی فلم اسٹار سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کو منفی سمجھتی تھی، مصطفیٰ قریشی کے ساتھ جب  میں نے پہلی بار کام کیا تو  میں ان سے بہت دور دور بیٹھتی تھی کیوں کہ میری سوچ تھی کہ  یہ لوگ بہت منفی ہوتے ہیں لیکن جب  میں نے ان کے ساتھ کام کیا تو اندازہ ہوا یہ لوگ بہت اچھے ہیں۔

مزید خبریں :